جئے پور،18؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) راجستھان ہائی کورٹ نے اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر سی پی جوشی کی جانب سے سچن پائلٹ سمیت19اراکین اسمبلی کو وہپ کی خلاف ورزی کرنے پر دیئے گئے نوٹس پر کوئی کارروائی نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے معاملے کی سماعت20جولائی تک ملتوی کردی ہے -چیف جسٹس اندرجیت موہنتی اور جسٹس پرکاش گپتا نے اس درخواست کی سماعت کی جس میں مسٹر پائلٹ کے وکیل ہریش سالوے، مکل روہتگی نے دلیلیں پیش کیں اور راجستھان حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے ابھیشیک منو سنگھوی نے ان کا جواب دیا-دریں اثنا عدالت نے اسپیکر ڈاکٹر جوشی کے ذریعہ ارکان اسمبلی کو جواب دینے کے لئے 17جولائی تک کے نوٹس پر بھی روک لگادی-واضح رہے کہ تحریری نوٹس بھیجے جانے کے باوجود کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں حاضر نہ ہونے کو ڈاکٹر جوشی نے وہپ کی خلاف ورزی کا معاملہ سمجھتے ہوئے مذکورہ اراکین اسمبلی کو 17جولائی تک جواب دینے کا وقت دیا تھا، جس کو مسٹر پائلٹ کے حامی ارکان اسمبلی نے عدالت میں چیلنج کیاہے -
تحقیقات کیلئے ریسارٹ پہنچی ٹیم:راجستھان میں چیف منسٹر اشوک گہلوت کے خلاف سچن پائلٹ کے بغاوت سے شروع ہوا سیاسی ڈرامہ اب بھی جاری ہے- پائلٹ خیمہ کے ہائی کورٹ جانے سے لے کر آڈیو ٹیپ تک ہر روز اس ڈرامہ میں نیا موڑسامنے آرہاہے- راجستھان کی اس سیاسی لڑائی میں دونوں خیموں کے قائدین کے مابین لفظی تکراربھی عروج پر ہے - جبکہ کانگریس نے پائلٹ خیمہ کے 2ایم ایل ایزکو معطل کردیا ہے-راجستھان پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کی ٹیم ہریانہ کے مانسار ریسارٹ پہنچ گئی ہے- اس ریسارٹ میں سچن پائلٹ گروپ کے کانگریس ایم ایل ایز قیام پذیر ہیں -ٹیم نے تحقیقات شروع کردی ہے-